دوستی، خلوص اور مفادات کی بدلتی ہوئی دنیا
بقلم : امان اللہ سلفی پبلک ریلیشن آفیسر- دبئی

انسانی زندگی رشتوں، تعلقات اور میل جول کے مختلف رنگوں سے عبارت ہے۔ اس سفر میں بے شمار لوگ ہماری زندگی میں آتے ہیں ، کچھ محض رسمی شناسائی تک محدود رہتے ہیں، کچھ وقت گزرنے کے ساتھ قربت اختیار کر لیتے ہیں اور کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جنہیں ہم اپنی زندگی کا لازمی حصہ تصور کرنے لگتے ہیں۔ لیکن زندگی کے تجربات رفتہ رفتہ ایک تلخ حقیقت سے روشناس کراتے ہیں کہ ہر قریب رہنے والا شخص اپنا نہیں ہوتا، ہر ساتھ چلنے والا خیرخواہ نہیں ہوتا اور ہر دوستی کا دعوے دار وفادار و مخلص نہیں ہوتا۔بسا اوقات انسان ظاہری اپنائیت، خوش گفتاری اور مسلسل میل جول سے متاثر ہو کر کسی کو اپنا رازدار اور ہمدم سمجھ بیٹھتا ہے، مگر حقیقت اس کے برعکس ہوتی ہے۔ بعض لوگ آپ کی محفلوں میں شریک ہوتے ہیں، آپ کے گھر آتے جاتے ہیں، آپ کے ساتھ ہنستے مسکراتے اور دوستی کے بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں، لیکن ان کے دلوں میں آپ کے لیے وہ خیرخواہی اور خلوص موجود نہیں ہوتا جس کی توقع ایک حقیقی دوست سے کی جاتی ہے۔ ان کے نزدیک دوستی ایک مقدس انسانی تعلق نہیں، بلکہ مفادات کے حصول اور ذاتی اغراض کی تکمیل کا ایک وسیلہ ہوتی ہے۔ جب تک آپ ان کے کام آتے رہیں، آپ کی قدر و منزلت برقرار رہتی ہے۔ لیکن جونہی آپ کے مفادات ان کے مفادات سے متصادم ہوتے ہیں یا آپ ان کی توقعات پوری کرنے سے قاصر ہو جاتے ہیں، ان کے رویوں میں تبدیلی آنے لگتی ہے اور تعلقات کے پس پردہ چھپی حقیقت آشکار ہونے لگتی ہے۔ہمارے معاشرے، بالخصوص گاؤں، محلوں اور قریبی سماجی حلقوں میں اس نوعیت کے رویے بکثرت دیکھنے کو ملتے ہیں۔ بعض لوگ بظاہر آپ کے ہم نشیں اور خیرخواہ ہوتے ہیں، لیکن باطن میں آپ کی ترقی، خوش حالی اور کامیابی کو دل سے قبول نہیں کر پاتے۔ آپ کی موجودگی میں تعریف و توصیف کے پل باندھتے ہیں، مگر آپ کی غیر موجودگی میں آپ کی ذات، کردار اور کامیابیوں پر نکتہ چینی کرتے ہیں۔ زبان پر اپنائیت کے الفاظ ہوتے ہیں، لیکن دل میں حسد، رقابت اور خود غرضی کے جذبات پرورش پا رہے ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ دوستی کا لبادہ تو اوڑھ لیتے ہیں، مگر اس کے تقاضوں اور اخلاقی ذمہ داریوں سے ناواقف رہتے ہیں۔یہاں یہ بات بھی ملحوظ رہنی چاہیے کہ چند تلخ تجربات کی بنیاد پر پوری انسانیت کو شک و شبہے کی نگاہ سے دیکھنا درست نہیں۔ دنیا آج بھی مخلص، وفادار، باکردار اور امانت دار لوگوں سے خالی نہیں ہوئی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انسان ظاہری رکھ رکھاؤ اور خوش گفتاری کے بجائے لوگوں کے کردار، معاملات اور طرز عمل سے ان کی حقیقت کو پہچاننے کی کوشش کرے۔ ہر شخص کے ساتھ حسن سلوک، عزت و احترام اور خوش اخلاقی کا معاملہ کیجیے، لیکن اپنے نجی معاملات، ذاتی کمزوریاں اور زندگی کے راز ہر کسی کے سامنے عیاں نہ کیجیے۔ کیونکہ خوش اخلاقی سب کا حق ہے، مگر اعتماد اور راز داری کا مقام ہر ایک کو نہیں دیا جا سکتا۔میری نظر میں انسان کو اپنی دوستی اور قربت کا دائرہ ایسے لوگوں تک محدود رکھنا چاہیے جو محض تعلیمی اسناد ہی نہیں، بلکہ فکری پختگی، اخلاقی بلندی، امانت داری، وسیع النظری اور بلند کردار کے حامل بھی ہوں۔ ایسے افراد کی صحبت اختیار کیجیے جن کی گفتگو میں سنجیدگی، فکر میں وسعت، معاملات میں دیانت، مزاج میں اعتدال اور رویوں میں شائستگی ہو۔ جن کی مجلس میں بیٹھ کر انسان کے علم و تجربے میں اضافہ ہو، فکر کو جلا ملے اور شخصیت میں مثبت تبدیلی پیدا ہو۔ جو آپ کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیں، آپ کی صلاحیتوں کی قدر کریں اور آپ کی کامیابی میں رکاوٹ بننے کے بجائے آپ کے دست و بازو بنیں۔یہ حقیقت بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ تعلیم کا مقصد محض ڈگریاں حاصل کرنا یا تعلیمی اسناد جمع کرنا نہیں، بلکہ انسان کے اندر شعور، تہذیب، برداشت، ذمہ داری اور اخلاقی اقدار کو پروان چڑھانا ہے۔ حقیقی تعلیم یافتہ وہ شخص ہے جو دوسروں کے حقوق و احترام کا خیال رکھے، امانتوں کی حفاظت کرے، اختلاف رائے کو وسعت قلبی کے ساتھ برداشت کرے اور کسی دوسرے کی کامیابی کو اپنی ناکامی تصور نہ کرے۔ علم اگر انسان کے کردار اور رویے میں مثبت تبدیلی پیدا نہ کر سکے تو اس کی حقیقی افادیت تشنۂ تکمیل رہ جاتی ہے۔ایک مخلص دوست کی شناخت خوش نما الفاظ، خوش گوار ملاقاتوں اور محفلوں کی رونق سے نہیں، بلکہ آزمائش کے لمحات، معاملات کی نزاکت اور کردار کی پختگی سے ہوتی ہے۔ حقیقی دوست وہ ہے جو آپ کے راز کو امانت سمجھے، آپ کی عدم موجودگی میں آپ کی عزت و آبرو کا پاس رکھے، آپ کی لغزشوں پر پردہ ڈالنے کے بجائے حکمت و خیرخواہی کے ساتھ اصلاح کرے اور آپ کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مسرور ہو۔ وہ ضرورت کے وقت آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہو، لیکن آپ کی نجی زندگی میں بے جا مداخلت نہ کرے۔ اس کی رفاقت میں نمود و نمائش نہیں، خلوص ہوتا ہے، حسد و رقابت نہیں، خیرخواہی ہوتی ہے، خود غرضی نہیں، وفاداری ہوتی ہے۔دوستی کے باب میں خودداری، عزت نفس اور باہمی حدود کی پاسداری بھی نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ کسی تعلق کو برقرار رکھنے کی خاطر اپنے اصول، وقار اور عزت نفس کو داؤ پر نہیں لگانا چاہیے۔ جو تعلق بار بار اعتماد کو مجروح کرے، جہاں خلوص کے جواب میں بے اعتنائی، وفاداری کے بدلے خود غرضی اور اپنائیت کے عوض تحقیر ملے، وہاں تعلق کی نوعیت پر نظرثانی کرنا ہی دانش مندی ہے۔ ہر اختلاف کو دشمنی میں بدل دینا ضروری نہیں اور نہ ہی ہر تعلق کو زبردستی نبھانا لازم ہے۔ بعض اوقات خاموشی، مناسب فاصلہ اور باوقار کنارہ کشی ہی بہترین طرز عمل ہوتا ہے۔تاہم یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ مخلص دوستوں کی تلاش کے ساتھ خود کو بھی ایک اچھا دوست بنانے کی فکر ضروری ہے۔ دوسروں سے وفاداری کی توقع رکھنے سے پہلے اپنے کردار میں وفا پیدا کیجیے۔ دوسروں سے امانت داری چاہتے ہیں تو خود بھی امانت دار بنیے۔ دوسروں کی کامیابی پر خوش ہونا سیکھیے اور کسی کی غیر موجودگی میں اس کی عزت و حرمت کی حفاظت اسی طرح کیجیے جس طرح اپنی عزت کی حفاظت عزیز رکھتے ہیں۔ دوستی یک طرفہ توقعات کا نام نہیں، بلکہ باہمی اعتماد، احترام، ایثار اور خیرخواہی کا حسین امتزاج ہے۔حقیقت یہ ہے کہ انسان کی اصل پہچان محض اس کے نام، لباس، دولت، حسب و نسب یا سماجی مرتبے سے نہیں ہوتی، بلکہ اس کے کردار، اخلاق، معاملات اور اس کی صحبت سے بھی ہوتی ہے۔ انسان جس طرح کے لوگوں کے ساتھ اٹھتا بیٹھتا ہے، رفتہ رفتہ ان کی فکر، عادات اور رویوں سے بھی متاثر ہونے لگتا ہے۔ اس لیے اپنی رفاقت کا انتخاب کرتے وقت محض قربت، پرانی شناسائی یا ظاہری اپنائیت کو معیار نہ بنائیے، بلکہ یہ دیکھیے کہ کسی شخص کی موجودگی آپ کی شخصیت، اخلاق اور زندگی پر کیا اثر مرتب کرتی ہے۔دوستوں کی تعداد بڑھانے کے بجائے ان کے معیار اور کردار پر توجہ دیجیے۔ بے شمار رسمی تعلقات سے کہیں بہتر ایک ایسا مخلص رفیق ہے جس کے سامنے آپ بلا خوف اپنی بات کہہ سکیں، جو آپ کے اعتماد کی حفاظت کرے اور جس کی موجودگی آپ کے لیے باعث اطمینان ہو۔ وقت گزرنے کے ساتھ بہت سے چہرے بدل جاتے ہیں، مفادات کی بنیاد پر قائم تعلقات بکھر جاتے ہیں اور حالات کی تبدیلی سے قربتیں بھی فاصلے میں تبدیل ہو جاتی ہیں ، لیکن خلوص، اعتماد اور کردار کی بنیاد پر استوار ہونے والی دوستی وقت کی آزمائشوں میں بھی اپنی معنویت برقرار رکھتی ہے۔لہٰذا دوست ایسے بنائیے جو آپ کے سامنے ہی نہیں، آپ کی غیر موجودگی میں بھی آپ کے خیرخواہ ہوں؛ جو آپ کی کامیابی پر مسکرائیں، آپ کی کمزوریوں سے ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں اور آپ کے اعتماد کو کبھی اپنی ذاتی اغراض کے لیے استعمال نہ کریں۔ کیونکہ سچا دوست وہ نہیں جو صرف خوشیوں کی محفلوں میں آپ کے ساتھ دکھائی دے، بلکہ وہ ہے جو مشکل وقت میں بھی آپ کا ساتھ نبھائے۔ یہی دوستی کا حقیقی حسن، خلوص کی اصل پہچان اور ایک باوقار انسانی تعلق کی بنیاد ہے۔
Share this content:



Post Comment