اردو اکادمی، دہلی کے زیر اہتمام مشاعرۂ جشنِ آزادی کا انعقاد
ہندی بھون میں اردو کا مشاعرہ، یہ امتزاج ہی اپنے آپ میں گنگا جمنی تہذیب کی خوبصورت مثال ہے: عاطف رشید

اردو اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کے موقع پر ہندی بھون، آئی ٹی او، نئی دہلی میں ایک پروقار ’’مشاعرہ جشنِ آزادی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مشاعرے میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معروف شعرائے کرام نے شرکت کی اور اپنے منتخب کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر مہمانانِ خصوصی کے علاوہ شعرو ادب سے وابستہ شخصیات اور ادب نواز سامعین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پروگرام کے آغاز میں اردو اکادمی، دہلی کے سکریٹری جناب لیکھ راج نے مہمانِ خصوصی جناب عاطف رشید، سابق وائس چیئرمین، قومی اقلیتی کمیشن، حکومتِ ہند کو پودا پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد اکادمی کے سینئر کارکنان محمد ہارون اور عزیر حسن قدوسی نے مہمانِ مکرم جناب فیروز بخت، سابق چانسلر، مولانا آزاد اردو یونیورسٹی اور مہمانِ اعزازی جناب عبدالماجد نظامی، ایڈمنسٹریٹیو ہیڈ وگروپ ایڈیٹر، سہارا انڈیا میڈیا کو پودے پیش کرکے خیرمقدم کیا اورسکریٹری جناب لیکھ راج نے مشاعرے میں شرکت کرنے والے تمام شعرائے کرام کو پھول پیش کرکے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
مشاعرے کی صدارت کی ذمہ داری ہندی اور اردو کے معروف شاعر جناب دکشت دنکوری کو سونپی گئی، جبکہ نظامت کے فرائض معروف شاعر جناب اعجاز انصاری نے انجام دیے۔ بعد ازاں سکریٹری اردو اکادمی، مہمانانِ خصوصی اور شعرائے کرام نے مشترکہ طور پر شمع روشن کرکے مشاعرے کا باضابطہ افتتاح کیا۔

سکریٹری اکادمی جناب لیکھ راج نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اردو اکادمی ہر سال جشنِ آزادی کے موقع پر مشاعرے کا انعقاد اس جذبے کے ساتھ کرتی ہے کہ ملک کی آزادی کی قدر و منزلت کو اجاگر کیا جائے اور ان عظیم شہداء ، مجاہدینِ آزادی اور جانباز سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے، جن کی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں ہمیں آزادی کی نعمت حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی حفاظت کرنا اور اس کی اقدار کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انھوں نے دہلی حکومت کی جانب سے اردو اکادمی کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں اور پروگراموں کی حوصلہ افزائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ دہلی محترمہ ریکھا گپتا اور وزیرِ فن، ثقافت و السنہ، حکومتِ دہلی جناب کپل مشرا کی مثبت اور حوصلہ افزا کوششوں کے نتیجے میں اردو اکادمی اپنے ادبی و ثقافتی پروگراموں کو مزید وسعت اور خوبصورتی کے ساتھ پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والا یہ مشاعرہ ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کے تحت منعقد کیے جانے والے اہم پروگراموں میں سے ایک ہے، جس کے ذریعے قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے جذبے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
جناب فیروز بخت نے اردو زبان کی ہمہ گیر حیثیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اردو کمپوزٹ کلچر، محبت، رواداری اور باہمی میل جول کی زبان ہے۔ یہ کسی ایک مذہب یا طبقے کی زبان نہیں بلکہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب کی نمائندہ زبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو نے ہمیشہ مختلف تہذیبوں اور معاشروں کے درمیان قربت پیدا کرنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے جشنِ آزادی کے موقع پر اس مشاعرے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے دہلی حکومت اور خصوصاً وزیر اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا کی کوششوں کی تعریف کی۔

جناب عبدالماجد نظامی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشاعرہ کئی اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ ایک تو یہ کہ ہم آزادی کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر اس کا انعقاد کر رہے ہیں، دوسرے یہ کہ جشنِ آزادی کو اردو زبان و ادب کے ذریعے منایا جا رہا ہے اور تیسرے یہ کہ یہ تقریب ہندی بھون جیسے اہم ثقافتی مرکز میں منعقد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑی خوش بختی کی بات ہے کہ ہمارے بزرگوں نے دوراندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایسا جامع دستور مرتب کیا جس کی بدولت آج ہم آزادی کی آٹھ دہائیاں مکمل ہونے کے بعد بھی اپنی زبان اور اپنی تہذیبی روایت کے ساتھ اس طرح کے پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔انہوں نے اس مشاعرے کی تاریخی اور تہذیبی روایت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ آزادی کا یہ مشاعرہ کبھی ہندوستان کے سب سے معروف اور بڑے مشاعروں میں شمار ہوتا تھا، لیکن افسوس کہ وقت گزرنے کے ساتھ اس کی وہ شہرت اور مقبولیت بتدریج کم ہوتی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس تاریخی مشاعرے کی عظمت، روایت اور کھوئی ہوئی شہرت کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے دہلی حکومت کی توجہ دہلی اکادمی کی گورننگ کونسل کی تشکیلِ نو کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اردو زبان و ادب سے متعلق سرگرمیوں، مشاعروں اور دیگر ادبی و ثقافتی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اکادمی کو مضبوط اور فعال بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے اردو اکادمی میں طویل عرصے سے خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مہمانِ خصوصی جناب عاطف رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ہندی بھون میں اردو کا مشاعرہ، یہ امتزاج ہی اپنے آپ میں گنگا جمنی تہذیب کی خوبصورت مثال ہے’’ انہوں نے کہا کہ یہ منظر ہندوستان کی مشترکہ تہذیب، لسانی ہم آہنگی اور گنگا جمنی روایت کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔انھوں نے اردو کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات اردو کے ساتھ ناانصافی خود محبانِ اردو کی جانب سے بھی ہو جاتی ہے۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ محبانِ اردو حکومت کے ساتھ مثبت انداز میں قدم سے قدم ملا کر چلیں، حکومت کے اچھے اقدامات کا خیرمقدم کریں اور اردو سے متعلق مسائل کے حل کے لیے تعمیری انداز اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ اردو اکادمی کو اس کے شایانِ شان وقار کے ساتھ زندہ رکھنا کسی ایک فرد یا ادارے کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اردو کسی ایک مذہب یا طبقے کی زبان نہیں بلکہ ہر ہندوستانی کی زبان ہے اور اگر ہم سب مل کر کوشش کریں تو اردو کو اس کا کھویا ہوا وقار دوبارہ دلایا جا سکتا ہے۔

مشاعرے کے اختتام پر اکادمی کی جانب سے پروگرام کے ناظم اطہر سعید نے نہایت شائستگی، خوش اسلوبی اور عمدگی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے مہمانان، شعرائے کرام، سامعین، منتظمین اور شرکائے پروگرام کا صمیمِ قلب سے شکریہ ادا کیا۔ ان کے کلماتِ تشکر کے ساتھ مشاعرۂ جشنِ آزادی قومی یکجہتی و باہمی محبت کے پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
مشاعرہ میں پیش کیے گئے منتخب اشعار قارئین کے لیے پیش ہیں:
Share this content:



Post Comment