ستمبر کو وزارتِ داخلہ سے مذاکرات9

ایپکس باڈی نے کرگل۔لیہہ پد یاترا ملتوی کردی
لیہہ۔4؍ ستمبر۔ ایم این این۔ ایپکس باڈی نے وزارتِ داخلہ کی جانب سے 9 ستمبر کو نئی دہلی میں لداخ سے متعلق مسائل پر ذیلی کمیٹی کی سطح کے مذاکرات کے اعلان کے بعد کرگل سے لیہہ تک مجوزہ ’’پد یاترا‘‘ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ مارچ گزشتہ برس 24 ستمبر کے واقعات میں جان گنوانے والوں کی یاد میں ستمبر کے دوران منعقد کیے جانے والے پروگراموں کا حصہ تھا۔ تاہم مذاکرات کی تاریخ سامنے آنے کے بعد قیادت نے فی الحال مارچ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ایپکس باڈی کے رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ حکومت 9 ستمبر کے مذاکرات میں سنجیدگی کے ساتھ پیش رفت کرے گی، بالخصوص لداخ کو اسمبلی اور مزید جمہوری و سیاسی حقوق دینے سے متعلق تفصیلی مسودے پر بات آگے بڑھے گی۔رہنماؤں نے کہا کہ مذاکرات میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ، زخمیوں کی مدد اور مظاہرین کے خلاف درج کیے گئے مبینہ طور پر غیر منصفانہ مقدمات کی غیر مشروط واپسی جیسے معاملات بھی حل کیے جانے چاہئیں۔ایپکس باڈی کے مطابق آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ 9 ستمبر کے مذاکرات کے نتائج کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اگر بات چیت میں خاطر خواہ پیش رفت نہ ہوئی تو ملتوی شدہ پد یاترا اور دیگر احتجاجی پروگرام 24 ستمبر کے قریب دوبارہ منعقد کیے جا سکتے ہیں۔
Share this content:



Post Comment